بچوں کی صحت کے لئے ماں کے دودھ کے فوائد سے ہم سب واقف ہیں لیکن برازیل کے سائنسدانوں نے 30 سال پر مشتمل ایک تحقیق کے بعد ناصرف صحت کے لئے فوائد کی تصدیق کی ہے بلکہ ذہانت، تعلیمی میدان میں کامیابی اور اعلیٰ سماجی مقام کے حصول کے لئے بھی ماں کے دودھ کی اہمیت کی تصدیق کردی ہے۔
فیڈرل یونیورسٹی آف پیلوتاس کے ڈاکٹر برنارڈو لیسا ہورٹا اور ان کی ٹیم نے آج سے 30سال قبل پیدا ہونے والے 6ہزار بچوں کی زندگی کا مشاہدہ مسلسل جاری رکھا۔ تیس سال کے دوران مختلف اوقات پر ان کے عمومی جسمانی صحت کے علاوہ ذہانت، تعلیمی قابلیت، معاش اور آمدنی کے متعلق اعدد و شمار اکٹھے کئے گئے۔ تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ جن 3500 بچوں نے تقریباً ایک سال کے لئے اپنی ماں کا دودھ پیا تھا بڑے ہونے پر ذہانت کے ٹیسٹوں میں ان کی کارکردگی دوسرے بچوں کی نسبت واضح طور پر بہتر تھی، ان کی تعلیمی کارکردگی اور تعلیم کا دورانیہ بھی زیادہ تھا جبکہ یہ بہتر ملازمت حاصل کرنے کے بعد زیادہ آمدنی بھی حاصل کررہے تھے۔ تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ ماں کا دودھ پینے والے بچوں میں معدے کے جراثیم، سینے کی انفیکشن، دمہ اور الرجی کے مسائل بھی نمایاں طور پر کم تھے جبکہ ان بچوں کی ماﺅں کی صحت بھی دیگر بچوں کی ماﺅں کی صحت کی نسبت بہتر پائی گئی۔ یہ تحقیق ”دی لانسٹ گلوبل ہیلتھ“ نامی سائنسی جریدے میں شائع کی گئی ہے۔
:تبصرہ